نئی دہلی،17/ جون (آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مرکز سے کہا کہ وہ کورونا کے مریضوں کا علاج کر رہے ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرزکی تنخواہوں کی ادائیگی کریں اور انہیں ضروری آئیسولیشن وارڈ فراہم کریں۔ جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل بنچ نے ڈاکٹر اروشی جین کی درخواست پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرزکی تنخواہوں کی ادائیگی اور ان کے لئے ضروری آئیسولیشن وارڈ کا حکم دیا۔ بنچ نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کا علاج معالجے اور دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹر اور ہیلتھ ورکرز کو الگ الگ رہنے کی سہولیات سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔ عدالت عظمی نے مرکز کو ہدایت دی کہ وہ ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کے بقایا جات کی ادائیگی اور ان کی الگ رہائش کی سہولت کے بارے میں چار ہفتوں کے اندر ایک بیان داخل کریں۔ اسی دوران بنچ نے مرکز کو متنبہ کیا کہ اگر اس کی تعمیل نہیں کی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ بینچ ایک نجی ڈاکٹر کی درخواست پر سماعت کررہا تھا۔ درخواست میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ لڑرہے ڈاکٹروں کو تنخواہ نہیں دی جارہی ہے یا تنخواہ میں کمی کی جارہی ہے یا اس کی ادائیگی میں تاخیر کی جارہی ہے۔ نہ یہی نہیں بلکہ اس ڈاکٹر نے 14 دن کے کووارنٹین قوانین کو ختم کرنے کے لئے مرکز کی نئی ہدایات پر بھی سوال اٹھایا تھا۔